Bohot Si Maslihat Hoti Hay Istafsaar K Peechay - Afroz Rizvi

  • 6 years ago
بہت سی مصلحت ہوتی ہے استفسار کے پیچھے
کسی اقرار کے پیچھےکسی انکار کے پیچھے

سنو جس گھر کے اندرسازشوں کا جال پھیلا ہو
رہے گا گھات میں دشمن اسی دیوار کے پیچھے

جو قرباں ذات کو اپنی وطن کی خاک پر کردیں
منظم فوج ہوتی ہے اُسی سالار کے پیچھے

بتاؤں کیا تمہیں یہ باغ گھر کا کیسے دلکش ہے
بہت محنت ہے مالی کی گل و گلزار کے پیچھے

اسے پھر ہارنی پڑتی ہے اپنی جان کی بازی
مسیحا جب کوئی ہوتا نہیں بیمار کے پیچھے

تھا اس سے خون کا رشتہ یہ کیسے بھول جاتی میں
یہی تھی کارفرما بات میری ہار کے پیچھے

یہ تلخی بے سبب آئی نہیں تحریر کی زد میں
کوئی دیوارِ گریہ ہے میرے اشعار کے پیچھے

تمہیں خوش فہمیاں افروز رضویؔ مار ڈالیں گی
کوئی اقرار پوشیدہ نہ ہو انکار کے پیچھے

افروز رضوی

Recommended