Allah Pakistan Jiye by Amjad Hussain - Rare Patriotic Song

  • 9 years ago
80ء کی دہائی اور عہدِ ضیائی میں پاکستان ٹیلیویژن کراچی سے امجد حسین کی آواز میں ایک خوبصورت دعائیہ قومی نغمہ جسے جناب مسرور انور صاحب نے تحریر کیا تھا اور موسیقی جناب نثار بزمی صاحب کی تھی، یہ قومی نغمہ پاکستان کے نظریات اور اس سے دلی جذبات کی بھرپور عکاسی کرتا ہے، کچھ عرصہ قبل امریکا سے تشریف لائے ہوئے اس نغمہ کے گلوکار جناب امجدحسین صاحب جو آج کل تبلیغِ دین میں مصروف ہیں سے اپنے چینل کے اسٹوڈیو میں ملاقات ہوئی تو ان سے اس نغمہ کی بابت بھی ذکر چل نکلا، ان کو اپنا یہ بھولا بسرا نغمہ بہت یاد آیا ،انہوں نے بتایا کہ یہ نغمہ صدرِ محترم جناب ضیاء الحق صاحب کو بھی بہت پسند تھا اور ایوانِ صدر میں جب انہوں نے سنا تو ان کی آنکھیں بھی جھلملا گئیں۔
اتفاق سے اس وقت مجھے اس کے اشعار زبانی یاد تھے تو میں نے جناب امجد حسین صاحب کو لکھوادیے جو انہوں نے اسی دن ڈاکٹر عپروگرام عالم آن لائن میں بھی اسی طرز میں پڑھے اور بہت اشکبار ہوئے، ایسے قومی گیت جو جذبات اور احساسات سے گائے جاتے ہیں ہمیشہ دلوں میں اثر کرجاتے ہیں، جناب محمد عمران صاحب کی فرمائش پر میرے مجموعہء قومی نغمات میں سے یہ نایاب اور دعائیہ قومی نغمہ آپ سب کی نذر ۔۔
اللہ پاکستان جیے
پاکستان کے ہر اک گھر میں
جلتے رہیں خوشیوں کے دیے
اللہ پاکستان جیے
ہم کو عطا کر جذبِ عمل
کھیتوں کو ہریالی دے
سب گاؤں اور شہروں کو
رنگت اور خوشحالی دے
یارب اس قابل تو نہیں ہم
تو نے مگر احسان کیے
اللہ پاکستان جیے
سچائی کے پھولوں سے
یہ گلشن مہکائیں گے
بستی بستی نگر نگر
دین تیرا پھیلائیں گے
پورے کریں گے ہم نے تجھ سے
جو عہد و پیمان کیے
اللہ پاکستان جیے